جاپان کے سفیر واڈا میٹو ہیرو نے صدر مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران پاک جاپان دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔
نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے بہترین تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہیں، جاپان اقوامِ عالم میں اپنی محنت اور لگن کی وجہ سے نمایاں ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم پاک جاپان تجارتی حجم بھی بڑھانےکے لیے دلچسپی رکھتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ تعلیم، صحت اور شہری سہولتوں کی بہتری میں جاپان کا پنجاب حکومت سے تعاون لائقِ تحسین ہے، پنجاب میں تعلیم، صحت، توانائی اور دیگرشعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے انتہائی سازگار ماحول اور مراعات دے رہے ہیں۔
جاپانی سفیر واڈا میٹو ہیرو نے بھی پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
اس ملاقات کے دوران سینیٹر پرویز رشید، سینئر منسٹر مریم اورنگزیب اور معاونِ خصوصی راشد نصر اللّٰہ بھی موجود تھے۔