کراچی کے علاقے کلفٹن میں تین تلوار چورنگی پر پیش آئے واقعے پر پولیس حکام کی جانب سے ایکشن لے لیا گیا۔
جمعرات کو تین تلوار پر ضلعی پولیس افسر کے بیٹے کا ٹریفک پولیس افسران نے چالان کیا تھا جس پر پولیس افسر نے ٹریفک پولیس اہلکار سے جھگڑا کیا تھا۔
بعد ازاں ’جیو نیوز‘ نے جھگڑے کی ویڈیو نشر کی تو اعلیٰ حکام نے پولیس افسر کو معطل کر دیا۔
’جیو نیوز‘ کی خبر پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ کراچی عبدالرحیم شیرازی نے ایکشن لیتے ہوئے بوٹ بیسن تھانے میں انویسٹی گیشن میں تعینات اے ایس آئی گلزار کو معطل کر دیا۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ کے مطابق ضلعی پولیس افسر کے بیٹے کی گاڑی کو ٹریفک پولیس نے فینسی نمبر پلیٹ اور کالے شیشے پر روکا تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ گاڑی کا چالان کرنے پر پولیس افسر اے ایس آئی گلزار موقع پر پہنچ گیا تھا، ویڈیو میں بھی دیکھا گیا تھا کہ ضلعی پولیس کے اے ایس آئی نے ٹریفک اے ایس آئی سے چالان کرنے پر بدتمیزی کی تھی۔
یاد رہے کہ یہ واقعہ جمعرات کی دوپہر فریئر تھانے کی حدود تین تلوار چورنگی پر پیش آیا تھا۔