کراچی(اسٹاف ر پو ر ٹر )امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی 16سالہ بدترین حکمرانی عوام کے لیے عذاب بنی ہوئی ہے، پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے کراچی کے اداروں اور وسائل پر قبضہ کر رکھا ہے،16برس میں مسائل حل کرنے کے بجائے بڑھائے اور شہر کو تباہ و برباد کر کے رکھ دیا، پیپلز پارٹی کراچی دشمن پارٹی ہے اور صرف لوٹ مار کرنا جانتی ہے، حکمرانوں سے عوام کا حق لینے کے لیے جماعت اسلامی کی مزاحمتی جدو جہد جاری ہے، ممبر شپ مہم میں بھی عوام اور تاجروں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں اور جماعت اسلامی کے ممبر بن رہے ہیں، خواتین اور نوجوان بھی بڑی تعداد میں شامل ہو رہے ہیں، جماعت اسلامی حکمرانوں سے عوام کا حق حاصل کر کے رہے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کی ممبر شپ مہم کے سلسلے میں حیدری مارکیٹ، نادرا میگا سینٹر کے قریب اور پاپوش نگر میں ممبر شپ کیمپوں کے دورے میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر امیر ضلع وسطی سید وجیہ حسن جبکہ ممبر شپ کیمپ پر حیدری مارکیٹ مینجمنٹ کے صدر سید اختر شاہد،محمد ندیم و جاوید بھائی، آل لیاقت آباد و حیدری جیولرز ایسوسی ایشن کے فراز احمد، آل حیدری بزنس ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سابق صدر سعید احمد اور دیگر تاجر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور جماعت اسلامی کے ممبر بنے ،منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نچلی سطح پر ٹاؤن اور یوسی میں اختیارات منتقل نہیں کررہی،جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں نے اختیارات اور وسائل نہ ہونے کے باوجود دس ماہ میں تقریباََ100پارکوں کو بحال کیا ،38ہزار سے زائد اسٹریٹ لائٹس لگائیں ، اوپن ائیر جم بنائے ،کھیلوں کے میدان اور پارکوں کو آباد کیا اور اسکول اپ گریڈ کئے ، اہل کراچی نے جماعت اسلامی کو بھرپور مینڈیٹ دیا ہے، ہم اس اعتماد پر پورا اتریں گے، انہوں نے کہا کہ اس وقت تاجروں کا سب سے بڑا مسئلہ تاجر دشمن اسکیم ہے،جس کے ذریعے ان کوپریشان کیاجارہا ہے۔