• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان آنا دیرینہ خواہش تھی، یہاں آکر بہت خوشی ہوئی ہے، ڈاکٹر ذاکر نائیک


معروف مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہنا ہے کہ پاکستان آنا ان کی دیرینہ خواہش تھی اور یہاں آکر بہت خوشی ہوئی ہے۔ حکومت پاکستان کی دعوت پر پہلی بار پاکستان آیا ہوں۔

گورنر ہاؤس کراچی میں پاکستان کے دورے پر آئے معروف مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائک کے لیکچر کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے حاضرین کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔

ذاکر نائیک نے کہا کہ میرے نزدیک میڈیا سب سے خطرناک اہم ہتھیار ہے،  میڈیا کالے کو سفید اور ہیرو کو ولن بنا سکتا ہے، بین الاقوامی میڈیا میں اسلام کے خلاف پروپیگنڈا ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم تفریحی میڈیا میں ماہر ہیں، میڈیا میں مسلمان کمزور ہے۔

گورنر ہاؤس کراچی میں معروف اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کے اعزاز میں تقریب رکھی گئی، جس میں غیرملکی قونصل جنرل، تاجر برادری، علماء کرام نے شرکت کی۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ سندھ صوفیا کرام کی دھرتی ہے، ہم امن، دوستی اور بھائی چارگی کا پیغام بھارت کو دینا چاہتے ہیں۔ بھارت کو بتانا چاہتے ہیں آپ امن کا پیغام دینے والوں کو نکال دیتے ہیں۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک حکومت پاکستان کی دعوت پر پاکستان آئے ہیں وہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں مختلف تقاریب سے خطاب کریں گے اور اہم ملکی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

ان دنوں ڈاکٹر ذاکر نائیک 10 دن کے دورے پر کراچی میں موجود ہیں، ڈاکٹر ذاکر نائیک کی 7 سے 10 اکتوبر تک نجی ملاقاتیں طے ہیں اور 11 اکتوبر کی صبح وہ کراچی سے لاہور روانہ ہوجائیں گے۔

قومی خبریں سے مزید