مشیرِ اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ پرامن احتجاج میں ن لیگی مسلح کارکنان شامل ہونے کے شواہد ملے ہیں۔
اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ پرامن لوگوں سے ن لیگ خوفزدہ کیوں ہے؟ وفاق اور پنجاب حکومت کا خوف سمجھ سے باہر ہے، سیاست کو سیاسی اداروں تک محدود رکھنا چاہیے، شریف خاندان سے نجات ضروری ہو چکی۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ ن لیگ میدان میں آئے اور اداروں کو اپنی سیاست کیلئے استعمال نہ کرے، نا اہل وفاقی حکومت پرامن احتجاج کو زبردستی پرتشدد بنانےکی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم دیکھ رہی ہے کس طرح پر امن لوگ ریاستی جبر کا شکار ہو رہے ہیں، آنسو گیس اور ربڑکی گولیوں کا بے تحاشا استعمال جاری ہے، کنٹینروں کے پہاڑ سڑکوں پر کھڑے کر دیے گئے ہیں، موٹروے کو کھود کر اس میں خندقیں ڈال دی گئی ہیں، عوام کو احتجاج کا حق پرامن طریقے سے استعمال کرنے دیا جائے۔
بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی گرفتاری پر ردعمل میں بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ خواتین کارکنان کی گرفتاریاں انتہائی احمقانہ اقدام ہے۔