• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک فوج کے دستے انتشار پسندوں کے عقب میں تعینات

اسکرین گریب
اسکرین گریب

اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے دوران شہر کے کئی مقامات پر پولیس اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے درمیان جھڑپوں کے بعد خیبرپختونخوا سے پاک فوج کے دستے انتشار پسندوں کے عقب میں تعینات کردیے گئے۔

ذرائع کے مطابق کسی بھی قسم کی شر انگیزی سے نمٹنے کیلئے پاک فوج تعینات کی گئی ہے۔

ذرائع کا بتانا تھا کہ پاک فوج کی تعیناتی سے انتشاریوں اور مسلح جتھوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔ تعیناتی کا مقصد عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاک فوج کے دستوں نے آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد میں سکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں تھیں۔

شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کیلئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فوج تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد پاک فوج کے دستوں نے اسلام آباد میں سکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

وزارت داخلہ نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کی تعیناتی کے احکامات دیے۔

ذرائع کے مطابق پاک فوج کے دستوں کی اسلام آباد اور گردو نواح میں تعیناتی کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کیلئے پاک فوج کا علاقے بھر میں گشت بھی شروع ہوگیا۔ کسی بھی شرپسند کو امن و امان تہہ و بالا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

خیال رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے باعث 5 اکتوبر سے 17 اکتوبر تک اسلام آباد میں فوج تعینات رہے گی۔

قومی خبریں سے مزید