• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بے نظیر بھٹو اور مریم نواز کا کردار کون نبھا سکتا ہے؟ ندیم بیگ نے بتا دیا


پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف فلم ساز ندیم بیگ کا کہنا ہے کہ اگر سیاسی شخصیات پر بائیو پک بنائی جائے تو مریم نواز کے کردار کے لیے ہانیہ عامر اور مہوش حیات کو بے نظیر بھٹو کے کردار لیے منتخب کریں گے۔

حال ہی میں فلم ساز نے ساتھی فنکارہ عفت عمر کی پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی مشہور ڈرامہ سیریل ’نور جہاں‘ سمیت مختلف امور پر بات چیت کی۔

دورانِ انٹرویو عفت عمر نے ندیم بیگ سے سوال کیا کہ اگر پاکستانی سیاسی شخصیات پر بائیوِپک بنائی جائے تو آپ کس شخصیت کے لیے کونسے اداکار یا اداکارہ کا انتخاب کریں گے؟

میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے بانی اور سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی زندگی پر اگر فلم بنائی جائے تو موجود اداکار تو نہیں لیکن ماضی کے مشہور اور مرحوم اداکار محمد علی اگر زندہ ہوتے تو انہیں کاسٹ کرتا کیونکہ ان کی شخصیت کے ساتھ ساتھ ان کی آواز بھی بھٹو صاحب سے ملتی جلتی تھی۔

میزبان نے بے نظیر بھٹو اور مریم نواز سے متعلق سوال پوچھا تو فلم ساز نے دیر کیے بغیر مہوش حیات کا نام لیا اور کہا کہ بے نظیر کے کردار کے لیے ان سے بہتر کوئی ذہن میں نہیں آتی جبکہ مریم نواز کے کردار کے لیے انہوں نے پہلے عائزہ خان کے نام پر غور کیا لیکن پھر کہا کہ ہانیہ عامر کا چہرہ ان سے ملتا ہے۔

ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کے لیے بلال عباس، آصف زرداری کے لیے ساجد حسن، نواز شریف کے لیے شان شاہد جبکہ شہباز شریف کے لیے پاکستانی نہیں بلکہ بھارتی اداکار عامر خان کا انتخاب کریں گے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید