کراچی(نیوزڈیسک)جرمن حکام کے مطابق جرمنی کے شہر کولون میں گزشتہ ماہ ہونے والے سلسلہ وار دھماکوں کے بعد ایک مشتبہ شخص کو پیرس سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔اس بائیس سالہ مشتبہ شخص کو منگل کے روز فرانسیسی دارالحکومت کے روئیسی ہوائی اڈے سے حراست میں لیا گیا۔کولون میں پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ فرانسیسی عدالتی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ اس مشتبہ شخص کی حوالگی کے حوالے سے قانونی کارروائی مکمل کی جاسکے۔تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ 22 سالہ نوجوان منشیات کے کاروبار میں ملوث ایک مرکزی کردار ہے اور یہ شک ظاہر کیا جارہا ہے کہ جرمن شہر کولون میں ہونے والے متعدد دھماکوں میں بھی اسی شخص کا ہاتھ ہے۔خیال کیا جارہا ہے کہ جرمن شہر ہورت کے ایک گودام سے چرس کی ایک بڑی مقدار چوری کیے جانے کے بعد یہ دھماکے کیے گئے۔