کراچی( افضل ندیم ڈوگر) جنوبی کوریا کے موان ایئرپورٹ پر حادثے کا شکار بوئنگ 737 طیارہ 15سال پرانا تھا۔ یہ طیارہ جیجو ایئر کی پرواز 7C-2216 بنکاک سے موان پہنچا تھا مگر لینڈنگ سے صرف ایک منٹ قبل 500فٹ کی بلندی پر طیارے کا فلائٹ راڈار سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا اس وقت طیارہ 285کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے لینڈنگ کیلئے جا رہا تھا۔ ایوی ایشن کے مطابق حادثے کا شکار اسی بدقسمت طیارے نے پرواز 7C-2215 کے طور پر دوبارہ بینکاک جانا تھا۔ ذرائع کے مطابق موان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اپ اینڈ ڈاؤن کی یومیہ لگ بھگ 16 پروازیں آپریٹ ہوتی ہیں۔ حادثے کے بعد اوساکا، ٹوکیو، جیجو سے موان کی 5 پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں۔ موان سے ٹوکیو، اوساکا، جیجو، تائی پے، بنکاک روانگی کی 7 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ موان ایئرپورٹ سے ٹے پائی، بینکاک، اوساکا، ویتنام، جیجو اور ٹوکیو کی 16 پروازیں 30 دسمبر کو بھی منسوخ ہیں۔ موان ایئرپورٹ کی تعمیر 1997 میں شروع ہوئی اور 9 نومبر 2007کو کھولا گیا۔ موان ایئرپورٹ گوانگجو، موکپو اور ناجو کے شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرتا ہے۔ موان ایئرپورٹ سے سالانہ 543,247مسافر استفادہ کرتے ہیں۔ موان ایئرپورٹ کا انتظام کوریا ایئرپورٹس کارپوریشن کے ذریعے کیا جاتا ہے۔