• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لبنانی شہری حزب اللّٰہ کے ہتھیار منظر عام پر لے آیا، ویڈیو وائرل


لبنانی شہری حزب اللّٰہ کے ان ہتھیاروں کو منظرِ عام پر لے آیا جن کی بنیاد پر اسرائیل نے گزشتہ شب  دارالحکومت بیروت، داحیہ اور جنوبی مضافاتی علاقوں پر بھاری بمباری کی۔

غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کو ایک سال مکمل ہونے کے بعد اسرائیلی جارحیت کا دائرہ لبنان تک وسیع ہو گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حزب اللّٰہ کے ہتھیاروں کے ڈپو کو نشانہ بنانے کے لیے اسرائیلی افواج نے گزشتہ شب بیروت کے جنوبی مضافات میں 30 سے زائد حملے کئے۔

ان حملوں سے لبنان کا دارالحکومت اور اس کے جنوبی مضافاتی علاقے رات بھر گونجتے رہے، آگ اور بارود فضا میں بلند ہوتا میلوں دور تک دیکھا گیا۔

صبح ہونے پر لبنان کے رہائشی نے ویڈیو جاری کرکے حزب اللّٰہ کے ان ہتھیاروں کی نمائش کر دی جس کے بارے میں اسرائیلی افواج نے دعویٰ کیا تھا۔

سوشل میڈیا پر ابو حسین نامی لبنانی نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں اس نے حزب اللّٰہ کے ان ہتھیاروں کی نمائش کی جن کی بنیاد پر اسرائیلی افواج نے دارالحکومت بیروت، داحیہ اور جنوبی مضافاتی علاقوں پر رات بھر 30 سے زائد حملے کئے۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ابو حسین نامی لبنانی شہری بےبسی کی مورت بنا اپنے معصوم، بے زبان، پالتو جانوروں کی لاشوں کو ہاتھوں میں اُٹھا کر نمائش کر رہا ہے۔

وائرل ویڈیو میں لبنانی شہری اپنی سسکتی، لڑکھڑاتی آواز میں کہہ رہا ہے کہ اسرائیل نے یہاں بمباری کی کیونکہ یہاں اسلحہ چُھپایا گیا ہے، آؤ دیکھو یہ ہیں وہ ہتھیار جو ہم نے اپنے گھروں میں رکھے ہیں، جن سے اسرائیل کو خطرہ ہے، یہ مردہ پرندے۔

اپنے غم اور غصے کا اظہار کرتا لبنانی شہری مزید کہتا ہے کہ صرف یہی نہیں بلکہ یہاں تو ہتھیاروں کی پوری دُکان موجود ہے جس میں پرندوں کے علاوہ بچے، گھر، گھر کا ساز و سامان بھی موجود ہے جس سے ہم اسرائیل پر حملہ کرسکتے ہیں۔

ابو حسین کا کہنا ہے اسرائیل اپنی بربریت کا دائرہ مزید وسیع کرے گا، اسرائیل غیر فطری جرائم کا مرتکب ہے۔