پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) بینچ مارک 100 انڈیکس کو اکتوبر راس آگیا ہے۔ پانچ روز میں انڈیکس تقریباً 4 ہزار پوائنٹس بڑھا ہے اور مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں ساڑھے چار سو ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
آج 100 انڈیکس پہلی بار 85 ہزار کی سطح تک پہنچ گیا، مارکیٹ کیپٹلائزیشن ریکارڈ 11 ہزار 77 ارب روپے ہے۔
معاشی تجزیہ کار طاہر عباس کے مطابق شیئر بازار میں شرح سود میں کمی، سرکلر ڈیٹ کو روکے جانے، فٹ سی رسل ایمرجنگ مارکیٹ انڈیکس سے پاکستان کو نکالے جانے کی فروخت مکمل ہونے اور آئی ایم ایف معاہدے کے سبب رجحان مثبت ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 1378 پوائنٹس اضافے سے 84 ہزار 910 پر بند ہوا ہے۔ انڈیکس نے کاروباری دن میں 85 ہزار 47 کی بلند ترین سطح بھی بنائی۔
نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز 44 کروڑ 95 لاکھ شیئرز کی خرید و فروخت ہوئی۔ آج کاروبار ہوئے شیئرز کی مالیت 30 ارب روپے سے زائد رہی۔
اسی طرح مارکیٹ کیپٹلائزیشن آج 197 ارب روپے بڑھ کر 11 ہزار 77 ارب روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچی ہے۔