روسی عدالت نے امریکی نیوز چینل سی این این سے وابستہ برطانوی صحافی نک پیٹن والش کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سی این این کے صحافی نک پیٹن والش پر یوکرین کے زیرِ قبضہ روس کے علاقے کرسک سے رپورٹنگ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ماسکو نے ان مغربی صحافیوں کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے جنہوں نے اگست میں یوکرین کے حملے کے بعد غیر قانونی طریقے سے سرحد عبور کر کے، کرسک کے علاقے سے رپورٹنگ کی تھی۔
کرسک کی عدالت نے سی این این کے صحافی کی گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے اسے روس کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ نک پیٹن والش کو روسی سر زمین پر گرفتار کیا جائے گا یا ان کی حوالگی کا مطالبہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ نک پیٹن والش ایک برطانوی صحافی ہیں جو اس سے قبل ماسکو میں چینل 4 نیوز اور دی گارڈین اخبار کے لیے رپورٹنگ کر چکے ہیں۔
رواں ہفتے کے آغاز میں روس نے کرسک کے اندر سے رپورٹنگ کرنے پر 2 اطالوی صحافیوں کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔
واضح رہے کہ یوکرین کی فوج نے 6 اگست سے روس کے علاقے کرسک کو اپنے قبضے میں لے رکھا ہے جبکہ روس نے اپنے حملوں پر تنقید پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔