ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کا کہنا ہے کہ نجی کالج میں طالبہ سے مبینہ زیادتی واقعے کی تاحال تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کامران نے بتایا کہ 4 سے 5 نجی اسپتالوں میں طالبہ کے داخلے کا کوئی ریکارڈ نہیں ملا، سیکیورٹی گارڈ پولیس تحویل میں ہے لیکن وہ واقعے سے انکاری ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ کالج کے اندرونی حصوں کے کلوز سرکٹ کیمروں سے بھی کوئی شواہد نہیں ملے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ طلباء افواہوں پر یقین نہ کریں، اگر کوئی متاثرہ طالبہ ہے تو پولیس کو بتائیں اور تعاون کریں۔
دوسری جانب نجی کالج کی طالبہ سے مبینہ زیادتی کے واقعے پر طالبات کی جانب سے مسلم ٹاؤن موڑ کے قریب کینال روڈ پر کالج کے باہر احتجاج کیا گیا۔
نجی کالج کی طالبات نے احتجاجاً کینال روڈ بلاک کر دیا۔
اس حوالے سے طالبات کا کہنا ہے کہ ایک طالبہ اور ایک طالب علم پر مبینہ طور پر کالج کےگارڈ نے تشدد کیا۔
کالج میں احتجاج کے دوران شیشہ لگنے سے طالب علم شدید زخمی ہو گیا جبکہ ایک طالبہ کی حالت خراب ہو گئی، دونوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔