• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی وزیرِ اعظم لی چیانگ پاکستان پہنچ گئے

چین کے وزیرِ اعظم لی چیانگ پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔

شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں چینی وزیرِ اعظم لی چیانگ اپنے وفد کی قیادت کریں گے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے چینی ہم منصب کا ایئر پورٹ پر پُرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ہمراہ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور دیگر وفاقی وزراء بھی موجود تھے۔

نورخان ایئر بیس پر چین کے وزیرِ اعظم کو دو بچوں نے گلدستے پیش کیے۔

چین کے وزیرِ اعظم لی چیانگ 4 روزہ دورہ پر پاکستان آئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق چینی وزیرِ اعظم گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا ورچوئل افتتاح بھی کریں گے۔

پاکستان کی مہمان نوازی نے متاثر کیا: چینی وزیرِ اعظم

عوامی جمہوریہ چین کے وزیرِ اعظم لی چیانگ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مہمان نوازی نے متاثر کیا۔

ایک پیغام میں چینی وزیرِ اعظم نے کہا کہ جیسے ہی میں جہاز سے اترا، مجھے گرم جوشی سے خوش آمدید کہا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کرنے پر بہت خوشی ہے، شنگھائی تعاون تنظیم سربراہان حکومت کی 23ویں میٹنگ میں شرکت کرنے پر خوشی ہے۔

چینی وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک اہم ترقی پذیر ملک، ابھرتی ہوئی منڈی اور بڑا مسلم ملک ہے، پاکستان چین کا ہر موسم کا اسٹریٹجک تعاون کرنے والا ساتھی اور آہنی دوست ہے۔

لی چیانگ نے کہا کہ پاکستان کو چینی عوام بہت پسند کرتے ہیں اور سراہتے ہیں، 73سال میں دونوں ممالک نے مستقل اعتماد قائم رکھا اور ایک دوسرے کی حمایت کی۔

ان کا کہنا ہے کہ چین پاکستان تعلقات دوطرفہ ریاستی تعلقات کی ایک عمدہ مثال بن گئے ہیں، جون میں صدر شی جن پنگ نے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے چین میں ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے چین پاکستان کمیونٹی کی تعمیر کے لیے منصوبہ بندی کی۔

چین کے وزیرِ اعظم نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے تعاون مزید مضبوط کرنے کے لیے اسٹریٹجک رہنمائی فراہم کی، چین جامع اور اعلیٰ معیار کی ترقی کے ذریعے جدت کے عمل کو آگے بڑھا رہا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان بھی اپنی اصلاحات اور ترقیاتی کاوشوں کے لیے پُرعزم ہے، اس دورے کے ذریعے میں دونوں ممالک کے درمیان وسیع اور گہرے تبادلوں کا منتظر ہوں۔

چین کے وزیرِ اعظم کے تاریخی و نتیجہ خیز دورے کا منتظر ہوں: شہبازشریف

دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کے وزیرِ اعظم لی چیانگ کا خیرمقدم کرتے ہوئے خوشی ہوئی، ان کے تاریخی اور نتیجہ خیز دورے کا منتظر ہوں۔

انہوں نے کہا کہ چینی وزیرِ اعظم کے دورے سے ہماری دوستی مزید مضبوط اور گہری ہو گی،ہم موجودہ اقدامات بالخصوص سی پیک پر پیشرفت کا جائزہ لیں گے۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہم باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے مزید نئے شعبوں کو تلاش کریں گے، پاک چین آزمودہ اسٹریٹجک تعاون، شراکت داری علاقائی استحکام اور خوشحالی کا سنگ بنیاد ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان (کل) 15 اور 16 اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے سربراہانِ حکومت کی کونسل (سی ایچ جی) کے 23 ویں اجلاس کی میزبانی کرے گا جو وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت جناح کنونشن سینٹر میں منعقد ہو گا۔

یاد رہے کہ 2 روز قبل وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ حکومت کے اجلاس کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے جناح کنونشن سینٹر اسلام آ باد کا دورہ کیا تھا اور اجلاس کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید