کراچی ایئرپورٹ کے قریب 6 اکتوبر کو ہونے والے دھماکے کا زخمی جناح اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کا کہنا ہے کہ 50 سال کا محمد نعیم جناح اسپتال کے نیورو سرجری وارڈ میں زیر علاج تھا۔
کراچی ایئرپورٹ کے قریب خودکش حملےمیں ہلاک افراد کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی ایئرپورٹ سگنل کے قریب 6 اکتوبر کی رات زوردار دھماکے میں 2 غیر ملکیوں سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ اس واقعے میں 17 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔
تفتیشی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ کے باہر غیر ملکیوں کے قافلے سے خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری کار ٹکرائی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ حملے میں چھوٹی کار استعمال کی گئی، کار سوار خودکش حملہ آور قافلے کے نکلنے کا انتظار کر رہا تھا۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا تھا کہ قافلہ پہنچتے ہی کار سوار نے اپنی گاڑی غیر ملکیوں کی گاڑی سے ٹکرا دی، کار میں ممکنہ طور پر بارود تھا جس سے گاڑی مکمل تباہ ہو گئی۔