• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئینی ترمیم پر بلاول ، فضل الرحمان ملاقات خاصی برف پگھل گئی، شازیہ مری

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی ترجمان شازیہ مری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات میں خاصی برف پگھل گئی ہے۔

بلاول ہاؤس کراچی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شازیہ مری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو کی ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے وقت بھی پی پی اور جے یو آئی ساتھ تھیں، خواہش ہے آئین میں ترمیم دو تہائی اکثریت سے پاس ہو۔

پی پی ترجمان نے مزید کہا کہ آج بھی سیاسی ڈائیلاگ کی اہمیت ہے، کوئی بھی چیز ناممکن نہیں ہوتی، ہم ایک ڈرافٹ پر متفق ہوں تو پھر دیگر جماعتوں کو اعتماد میں لیا جاسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ہر مسئلے کا سیاسی حل نکالیں گے، آج کہیں محسوس نہیں ہوا کہ وہ مخالفت کریں گے، ملاقات مثبت رہی، برف اس میٹنگ میں خاصی پگھلی ہے۔

شازیہ مری نے یہ بھی کہا کہ ہماری کوشش ہے جے یو آئی اور پی پی کا متفقہ ڈرافٹ تیار ہو، دونوں طرف سے آراء آرہی ہیں، ہم چاہیں گے آئینی ترمیم متضاد نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی خواہش ہے کہ سیاسی ہم آہنگی ہو، آئینی ترامیم غیرمتنازع ہو، ہر پہلو پر گفتگو ہوئی، دونوں طرف سے ہر موضوع پر بات کی گئی، دو اہم جماعتوں کے مابین سیاسی ڈائیلاگ ہوا۔

قومی خبریں سے مزید