شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کا باقاعدہ آغاز آج صبح ہوگا، اجلاس میں شرکت کے لیے روسی وزیراعظم اور ایرانی وزیر معدنیات محمد اتابک بھی پاکستان پہنچ گئے۔
شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کے لیے ازبکستان کا وفد آج صبح اسلام آباد پہنچے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف افتتاحی خطاب کریں گے۔
اجلاس میں معیشت، تجارت، ماحولیات اور سماجی وثقافتی روابط کے شعبوں میں جاری تعاون پر تبادلہ خیال ہوگا۔
شہباز شریف کے بعد غیر ملکی وفود کے سربراہان خطاب کریں گے جس کے بعد دستاویزات پر دستخط کیے جائیں گے۔
گزشتہ روز شنگھائی تعاون تنظیم کے مہمانوں کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں عشائیہ دیا گیا۔
عشائیے میں چین، روس، تاجکستان، کرغزستان، قازقستان، بیلا روس اور ترکمانستان کے قائدین سمیت مہمانوں نے شرکت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا، اس دوران بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان مصافحہ اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔
وزیراعظم نے اجلاس میں شرکت پر ان کا خیرمقدم کیا اور شنگھائی تعاون تنظیم کے اصولوں اور مقاصد کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
مہمانوں نے ایس سی او سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر وزیراعظم کو مبارک باد دی۔