کراچی چیمبر آف کامرس کی پالیسی ریسرچ اور ایڈوائزری کونسل کا کہنا ہے کہ پاکستان کا محلِ وقوع اسے ایس سی او کے لیے اہم تجارتی و توانائی کی رہداری بناتا ہے۔
شنگھائی تعاون تنظیم پر جاری کردہ اعلامیے میں پی اے آر سی نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس اسٹریٹجک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے، ایس سی او ممالک کی حمایت سے پاکستان صنعتی ترقی کو تیز کر سکتا ہے، چین اور پاکستان آسیان طرز پر ایس سی او کے علاقائی تجارتی معاہدے کی وکالت کریں۔
پی اے آر سی نے اعلامیے میں کہا ہے کہ کاشغر گوادر سڑک اور ریلوے پاکستان کے علاقائی ٹرانزٹ کردار کو بڑھائے گا۔
پی اے آر سی نے اعلامیے میں یہ بھی کہا ہے کہ سی پیک کے دوسرے فیز سے پاکستان کو فائدہ اٹھانا چاہیے، چین خطے میں استحکام اور تعاون کو مزید مضبوط بنائے۔
واضح رہے کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے 23 ویں سربراہی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے جو کہ اس وقت اسلام آباد میں جاری ہے۔