کراچی کی مختلف سڑکیں مرمتی کام کی منتظر ہیں۔
ایم اے جناح روڈ پر سیون ڈے اسپتال کے قریب مرمتی کام جاری ہے جبکہ اسی شاہراہ پر دیگر کئی مقامات پر بھی سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔
دوسری جانب جہانگیر روڈ سے تین ہٹی جانے اور آنے والی سڑک کی بھی مرمت کی ضرورت ہے، یہاں سے گزرنے والے شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
گرومندر سے مزار قائد جانے والی سڑک بھی تباہ حالی کا شکار ہے جبکہ راشد منہاس روڈ نیپا فلائی اوور کے دونوں اطراف ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔
سہراب گوٹھ سے گلشن چورنگی آتے ہوئے راشد منہاس روڈ کی حالت بھی انتہائی خستہ حال ہے جبکہ اسکیم 33 کی متعدد سڑکوں پر بھی مرمتی کام شروع نہیں کیا جا سکا ہے۔
علاوہ ازیں کئی علاقوں کی اندرونی سڑکیں بھی شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، ان سے اٹھنے والی مٹی، دھول اور گرد و غبار کی وجہ سے شہریوں کی مشکلات بھی بڑھ گئی ہیں۔