کراچی ( اسٹاف رپورٹر )اپوزیشن لیڈر کے ایم سی ونائب امیر جماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ نئی تعمیر شدہ سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ اور تباہی کی تحقیقات کی جائے، ذمے دار افسران اور ٹھیکدار کا تعین کرکے سخت کارروائی اور نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔تباہی کے ذمے دار افسران کو دوبارہ ذمہ داری دینا انتہائی تشویشناک ہے اور ترقیاتی کاموں کی تفصیلات کی عوام میں تشہیر کی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹی کونسل میں اپوزیشن لیڈر کی کوآرڈی نیشن کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں گفتگو ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر قاضی صدرالدین، سید جواد شعیب اور نعمان الیاس ودیگر شریک تھے۔اجلاس میں بارشوں کے دوران شہر کی سڑکوں کی تباہی اور اس کے عوامل کاجائزہ لیاگیا اور متعلقہ محکموں و ذمے داران کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کی شدید مذمت کی گئی۔ سیف الدین ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ کے ایم سی‘ سندھ حکومت کے، ڈی اے اور کلک وغیرہ کی اربوں روپے سے بنائی گئی سڑکیں اور پیوند کاری معمولی بارش میں بہہ گئی،بعض سڑکیں ایک دن میں ہی ختم ہو گئی،جبکہ زیادہ تراستر کاری گزشتہ برس ہی کی گئی تھی، انہوں نے کہا کہ کلک نے چار ارب روپے سے 2023میں پیچ ورک کیا تھا۔