مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو 14 دن سے قید تنہائی میں رکھا جا رہا ہے۔
پشاور سے جاری بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی کے ساتھ قید میں غیر انسانی سلوک کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہیومن رائٹس واچ بانی پی ٹی آئی کی ناجائز قید اور انسانی حقوق خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، عمران خان کو قید تنہائی (آئیسولیشن) میں رکھا جا رہا ہے۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو 14 دنوں سے چھوٹے سیل میں محدود کر کے بجلی بھی کاٹ دی گئی، انہیں گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران تمام تر امور سے ناواقف رکھا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ یہی سلوک رہا تو ملک بھر میں احتجاج کی کال دیں گے، آئینی ترمیم کی منظوری کےلیے حکومت غیرقانونی ہتکھنڈوں پر اتر آئی ہے۔
بیرسٹر محمد علی سیف نے یہ بھی کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا بھی جلد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کریں گے اور پھر صوبے کے عوام کو اپنی نئی حکمت عملی سے آگاہ کریں گے۔