فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار کی گزشتہ برس 7 اکتوبر کے حملے سے چند گھنٹے قبل کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے حال ہی میں حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار کی شہادت سے قبل کے مناظر جاری کرنے کے بعد اب ان کی ایک اور ویڈیو جاری کی ہے۔
نئی ویڈیو گزشتہ برس کی ہے، جس میں شہید یحییٰ سنوار کو اہلِ خانہ کے ہمراہ جہاد کی تیاری کرتے ہوئے غزہ کی ایک سرنگ میں اپنا سامان منتقل کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ یہ ویڈیو گزشتہ سال 7 اکتوبر کو ہونے والے حملے سے چند گھنٹے قبل کی ہے۔
فوٹیج میں سنوار، ان کی اہلیہ اور بچوں کو ایک ٹیلی ویژن، پانی، تکیے اور گدوں سمیت دیگر ضروری ساز و سامان سرنگ میں منتقل کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان ریئر ایڈمرل ڈینیئل ہاگری کے مطابق مذکورہ سرنگ خان یونس میں فیملی ہوم کے نیچے واقع ہے۔