پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے ثابت کیا کہ مثبت سوچ اور ڈائیلاگ سے اہم قومی امور حل کیے جاسکتے ہیں۔
کراچی سے جاری بیان میں شازیہ مری نے 26ویں آئینی ترمیم پر بات کی اور کہا کہ کسی کی سیاسی وفاداری تبدیل کیے بغیر ترمیم کی منظوری بلاول بھٹو کی بڑی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر فضل الرحمان اور آزاد ارکان کی حمایت سے کامیابی ملی، بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ لوٹوں کا ووٹ نہیں لیں گے اور نہ لیا۔
پی پی پی ترجمان نے مزید کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اعتماد کا اظہار کیا، بلاول بھٹو نے اپنے نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو کے بنائے گئے آئین کو مکمل کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آئینی عدالت شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا، جس کی تکمیل بلاول بھٹو نے کی، پیپلز پارٹی قانون کی حکمرانی اور پارلیمنٹ کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔