ہندی سینما کے عہد ساز اداکار و گلوکار کشور کمار کی زندگی پر بننے والی فلم میں کام کرنے کے حوالے سے بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان کا نام لیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ 59 سالہ عامر خان کا شمار بالی کے بڑے اور آئیکونک اداکاروں میں ہوتا ہے اور وہ تسلسل کے ساتھ باکس آفس پر کئی ہٹ فلموں میں کام کرچکے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کشور کمار کی زندگی پر فلم ایک ایسا موضوع ہے جو کہ فلم ڈائریکٹر انوراگ باسو اور پروڈیوسر بھوشن کمار کے ذہنوں میں ہے اور اب وہ اسے بہتر انداز میں ممکنہ طور پر سامنے لانا چاہتے ہیں۔
ادھر عامر خان بھی، جو کشور کمار کے بہت بڑے مداح ہیں اور وہ لیجنڈری گلوکار کی زندگی پر فلم کے حوالے سے وژن رکھتے ہیں، اس حوالے سے دلچسپی لیتے دکھائی دیتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق انوراگ باسو اور عامر خان کے درمیان اس حوالے سے چار سے پانچ ملاقاتیں ہوچکی ہیں جو مثبت رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق عامر خان کے پاس اس وقت چھ فلمیں زیر غور ہیں جس میں کشور کمار کی زندگی پر مبنی فلم بھی شامل ہے۔