سکھر(بیورو رپورٹ)کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ ضلع سکھر میں69 واں یوم آزادی 14 اگست کو قومی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جائے گا، جشن آزادی کے دن کا آغاز صبح مساجد اور عبادت گاہوں میں ملکی سا لمیت ،خوشحالی، ترقی، یکجہتی کے لئے خصوصی دعاؤں کے ساتھ کیا جائیگا جبکہ قومی پرچم کشائی کی تقریب میونسپل اسٹیڈیم سکھر میں منعقد کی جائے گی ،وہ کمشنر ہاؤس سکھر میں 14 اگست یوم آزادی کا دن منانے کے سلسلے میں منعقد ہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ صبح 7:58 بجے آزادی سائرن بجایا جائیگا مختلف اسکولوں کے بچے ملی نغمے، ٹیبلوزاورپی ٹی شوزکا مظاہرہ کریں گے جبکہ ملاکھڑا اور کبڈی کے مقابلے لب مہران گراؤنڈ میں منعقد کئے جائیں گے ۔ اسکولوں اور کالجوں میں بھی سالانہ جشن آزادی کی تقریبات کے ساتھ دیگر پروگرام منعقد کئے جائیں گے ، اسکولوں کے بچوں ، اسپتالوں میں مریضوں میں مٹھائی اور پھل بھی تقسیم کئے جائیں گے اور جیلوں میں قیدیوں کے لئے خصوصی کھانے کا بھی بندوبست کیا جائے گا ۔کمشنر سکھر نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام سرکاری و نیم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرائیں اور چراغاں کا بھی بندو بست کیا جائے ،تمام تعلقہ میونسپل ایڈمنسٹریشن کے افسران و عملہ اپنے اپنے علاقوں میں صفائی ستھرائی ،اسٹریٹ لائٹس کے انتظامات کریں، جبکہ محکمہ پولیس کے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 14 اگست یوم آزادی کے موقع پر غیر معمولی حفاظتی انتظامات کو حتمی شکل دے کر تمام اہم چوراہوں اور منعقدہ تقریبات کے گرد و نواح میں پولیس کے جوان تعینات کئے جائیں تمام اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرز اپنے اپنے اسکولوں میں یوم آزادی کی تقریبات کو منعقد کرانے اور قومی پرچم کشائی کے عمل کو یقینی بنائیں۔