صوابی( نمائندہ جنگ) نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے اے این پی کے سابق ایم پی اے اور اصلاحی جر گہ رزڑ کے صدر حاجی محمد شعیب خان کو پیر کے روز ان کے آبائی گائوں یار حسین ضلع صوابی میں سپرد خاک کر دیا گیا جنازہ میں مرکزیرہنمائوں ارباب طاہر، ضلعی ناظم و ضلعی صدر اے این پی صوابی حاجی امیر الرحمن ، مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے حاجی محمد شیر از خان، اے این پی کے ایم پی اے احمد بہادر خان، ضلع ناظم مر دان حمایت اللہ مایار ،پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے انجینئر عثمان خان ترکئی ، ضلع بھر کے سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین و کارکنوں ، سماجی رہنمائوں ، کارکنوں ، وکلاء ، سرکاری حکام اور عمائدین علاقہ نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔ حاجی محمد شعیب خان کو گذشتہ رات آٹھ بجے اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنے حجرے میں دیگر ساتھیوں کے ساتھ موجود تھے کہ اس دوران ایک نامعلوم شخص نے حجرے میں داخل ہو کر ان کے سر پر فائرکئے اور فرار ہو گیا جس کے بعد حاجی محمد شعیب خان کو شدید زخمی حالت میں مر دان اور بعد ازاں ایل آر ایچ پشاور منتقل کر دیا گیا جہاں وہ رات بارہ بجے زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے۔ حاجی محمد شعیب خان 1997کے عام انتخابات میں اے این پی کے ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 33صوابی3سے بھاری اکثریت سے صوبائی اسمبلی کے ممبر منتخب ہوئے تھے وہ تین بار قائم مقام ضلعی صدر بھی رہے۔ جنرل ضیاء الحق کے مارشل لاء دور میں چھ بار مختلف جیلوں میں پابند سلاسل رہے اس وقت وہ اے این پی یار حسین کے صدر اور اصلاحی جر گہ تحصیل رزڑ کے صدر تھے مقتول حاجی محمد شعیب نے علاقہ بھر میں خاندانوں رنجشوں اور دشمنیوں کے خاتمے میں ہمیشہ کلیدی کر دار ادا کیا ۔ان کو بابائے امن کی پگڑی بھی پہنائی گئی تھی ۔ مقتول سابق ایم پی اے حاجی محمد شعیب نے بیوہ ، دو بیٹے محمد ہمایون خان، محمدایازخان اور دو بیٹیاں سو گوار چھوڑے ہیں ۔