پاکستان کرکٹ کے سب سے بڑے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی کا 26 اکتوبر سے آغاز ہوگا جس کا اختتام 19 دسمبر کو ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں 16 ریجنز کی 18 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ایونٹ میں کراچی وائٹس اعزاز کا دفاع کرے گی۔
18 ٹیموں میں ایبٹ آباد ریجن، اے جے کے ریجن، بہاولپور ریجن، ڈیرہ مراد جمالی ریجن، فیصل آباد ریجن، فاٹا ریجن، حیدرآباد ریجن، اسلام آباد ریجن، کراچی ریجن بلیوز، کراچی ریجن وائٹس، لاہور ریجن وائٹس، لاہور ریجن بلیوز، لاڑکانہ ریجن، ملتان ریجن، پشاور ریجن، کوئٹہ ریجن، راولپنڈی ریجن اور سیالکوٹ ریجن شامل ہیں۔
کراچی وائٹس اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی، اس نے 22 سے 26 اکتوبر 2023 تک قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے فائنل میں سرفراز احمد کی قیادت میں فیصل آباد ریجن کو 456 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز عبداللّٰہ خرم نیازی کا کہنا ہے کہ قائد اعظم ٹرافی پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کے بلند ترین مقام پر ہے کیونکہ یہ صرف ایک ٹورنامنٹ نہیں بلکہ ایک ایسا ایونٹ بھی ہے جو ملک بھر میں بے پناہ ٹیلنٹ کو ظاہر کرتا ہے اور انہیں بین الاقوامی کرکٹ کے چیلنجز کےلیے تیار کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح ہم کھلاڑیوں کو بہترین ممکنہ پلیٹ فارم فراہم کرتے رہیں گے تاکہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ کے سب سے بڑے اسٹیج پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔
ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز کا کہنا تھا کہ یہ کھلاڑی ملک کے بہترین کھلاڑیوں کے ساتھ ہوں گے۔ اس سے قبل ہم نے ایک کامیاب چیمپئنز ون ڈے کپ کا مظاہرہ کیا۔ ہم اپنے ڈومیسٹک ڈھانچے کو مضبوط بنانے کےلیے پوری طرح پُرعزم ہیں اور قائداعظم ٹرافی کا کامیاب انعقاد اس عزم کا مرکز ہے۔