• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی بھی جے یو آئی کے ذریعے آئینی ترمیم میں ان پٹ دیتی رہی ہے: رانا احسان افضل

وزیرِ اعظم شہباز شریف کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل—فائل فوٹو
وزیرِ اعظم شہباز شریف کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل—فائل فوٹو

وزیرِ اعظم شہباز شریف کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل نے کہا ہے کہ اب کوئی کنفیوژن نہیں، صدرِ مملکت نے توثیق کر دی، جسٹس یحییٰ آفریدی ہی چیف جسٹس ہوں گے۔

’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے  رانا احسان افضل نے کہا کہ غلط کیا ہوا ہے؟ کیا پارلیمنٹ نے دو تہائی اکثریت سے آئینی ترمیم نہیں کی؟

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بھی جے یو آئی کے ذریعے آئینی ترمیم میں ان پٹ دیتی رہی ہے، کسی کو اعتراض ہے تو درخواست دائر کریں، آئینی بینچ سن کر فیصلہ کر دے گا۔

رانا احسان کا کہنا ہے کہ نہیں لگتا کہ کوئی وکلاء تحریک شروع ہونے جا رہی ہے، ہم وکلاء کو معاملے پر انگیج کر رہے ہیں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کے کوآرڈینیٹر نے یہ بھی کہا کہ اچھا ہوتا اگر تحریکِ انصاف کمیٹی میں آ کر اپنا مؤقف دیتی۔

واضح رہے کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے جسٹس یحییٰ آفریدی کی بطور چیف جسٹس آف سپریم کورٹ تعیناتی کر دی ہے۔

ایوانِ صدر کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق صدر نے جسٹس یحییٰ آفریدی کی تعیناتی 26 اکتوبر سے 3 سال کے لیے کی ہے۔

صدرِ مملکت نے جسٹس یحییٰ آفریدی سے 26 اکتوبر کو چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کا حلف لینے کی بھی منظوری دے دی۔

آصف علی زرداری نے جسٹس یحییٰ آفریدی کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 175 اے (3)، 177 اور 179 کے تحت کی ہے۔

قومی خبریں سے مزید