وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر رانا احسان افضل خان نے توقع ظاہر کی ہے کہ پاکستان مستقبل قریب میں بریکس( BRICS) تنظیم کی رکنیت حاصل کرلے گا۔
رانا احسان افضل خان نے کہا کہ پاکستان نے بریکس کی رکنیت حاصل کرنے کے لیے درخواست کی ہے اور امید ہے کہ پاکستان کو مستقبل قریب میں یہ رکنیت دیدی جائے گی۔
روسی میڈیا سے بات کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ بریکس ایک مضبوط فورم ہے جو دنیا کی معیشت کے اہم جزو کی نمائندگی کرتا ہے۔
سن دوہزار چھ میں قائم بریکس بین الحکومتی ایسوسی ایشن ہے اور یکم جنوری سے اسکی سربراہی روس کے پاس ہے۔
تنظیم کے اراکین میں روس، برازیل، انڈیا، چین، ساؤتھ افریقا، مصر، ایتھیوپیا، ایران، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب شامل ہیں۔
قازن میں دو روزہ سربراہ اجلاس کے بعد روس کے صدر پیوٹن نے بریکس کا علامتی بینک نوٹ وزرا کو دکھایا تھا جس کے بارے میں وضاحت کی گئی ہے کہ یہ محض علامتی اور کرنسی نوٹوں سے مشابہت رکھنے والا یہ بینک نوٹ روس حکام نے تیار کیا ہے۔