پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شعیب شاہین نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کی رہائی پر پوری قوم کو مبارک باد دیتے ہیں۔
راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب شاہین نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا شکریہ کہ انہوں نے بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور کی۔
شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ آج ہماری درخواست پر عدالت نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دی۔ ہماری بانی پی ٹی آئی سے تفصیلی ملاقات ہوئی ہے، انکے حوصلے بلند ہیں۔
شعیب شاہین نے کہا کہ بشریٰ بی بی کو جیل میں ناجائز رکھا گیا تھا، ہماری ملاقاتوں پر پابندی بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے سیل کی بجلی 12، 12 گھنٹے بند رکھی جاتی ہے۔ بانی پی ٹی آئی کو نہ پڑھنے کیلئے اخبارات دیے جاتے ہیں اور نہ ہی انہیں ورزش کیلئے مشین دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ آج صبح بانی پی ٹی آئی کو ورزش کیلئے مشین دی گئی ہے۔ ان لوگوں نے جو حرکتیں کی ہیں یہ پاکستان کا تماشا بنا رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ رول آف لاء کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں۔
شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ رول آف لاء نہ ہونے کی وجہ سے لوگ پاکستان سے بھاگ رہے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ مارشل لاء میں ایسا ظلم نہیں ہوا جو آج ہو رہا ہے۔ ظلم کی انتہا ہے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو جیل میں ناجائز رکھا ہوا ہے۔