• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

27 ویں ہو یا 28ویں ترمیم، ہم مخالفت میں کھڑے ہوں گے، شیخ وقاص اکرم


27 ویں ہو یا 28ویں ترمیم، ہم مخالفت میں کھڑے ہوں گے، شیخ وقاص اکرم

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ 27 ویں ترمیم ہو یا 28ویں، ہم مخالفت میں کھڑے ہوں گے۔ اگر حکومت خوفزدہ نہ ہوتی تو ہمارے ایم این ایز کے گھروں پر چھاپے نہ مارتی، لوگوں کو نہ اٹھاتی۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ہم سیاسی جماعت ہیں، فیصلوں پر بہت سے لوگ اعتراض کرتے ہیں، پتا نہیں لوگ صرف پی ٹی آئی میں ہی کیوں اتفاق رائے کا معاملہ دیکھتے ہیں۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ لیگل کمیٹی کا سربراہ سلمان اکرم راجہ کو بنایا گیا تھا، فیصل چوہدری میرا بھائی ہے، انہیں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے کسی کیس میں وکیل نہیں کیا گیا، فیصل چوہدری کا احترام ہے، بیرسٹر گوہر ہمارے لیے قابل احترام ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کسی کو کیا اعتراض ہے کہ سلمان اکرم راجہ نے کس کو لیگل ٹیم میں رکھا اور کس کو نہیں؟ بانی پی ٹی آئی سے جڑی ہر چیز ہمارے لیے قابل احترام ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں اور ان کی زوجہ ہمارے لیے قابل احترام ہیں۔

شیخ وقاص اکرم نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی کی سیاست میں کوئی دلچسپی نہیں، بانی پی ٹی آئی واحد شخصیت ہیں جنہوں نے کہا کہ ان کے خاندان سے کوئی بھی سیاست میں شامل نہیں ہوگا۔

انکا کہنا تھا کہ سب کا ایک ہی مقصد ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو جلد از جلد باہر نکالنا ہے، بشریٰ بی بی کی پی ٹی آئی کی سیاست میں کوئی مداخلت نہیں، نہ وہ کرنا چاہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی کی بہن یا اہلیہ یا کوئی بھی ان کی رہائی کیلئے نکلے گا تو پی ٹی آئی ان کے ساتھ ہوگی۔

شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ بیوی کا اپنے شوہر اور بہنوں کا اپنے بھائی کی رہائی کیلئے نکلنا سیاست نہیں۔

قومی خبریں سے مزید