وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی اور پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے کہا ہے کہ آج پی ٹی آئی کا بھارت نواز چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے۔
کراچی سے جاری بیان میں وقار مہدی نے کہا کہ کراچی میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کی ریلی پی ٹی آئی نے سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ حریت کانفرنس کی ریلی کے موقع پر پی ٹی آئی نے نان ایشو پر ہلڑ بازی کی۔ دعوت کے باجود یکجہتی کشمیر ریلی میں شامل نہ ہو کر پی ٹی آئی نے بیرونی آقاؤں کو خوش کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے ثابت کیا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کے انتشار پھیلانے کے ایجنڈے پر چل رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے آرٹیکل 370 کی منسوخی پر بھی قومی یکجہتی کا موقع آنے نہیں دیا تھا۔
وقار مہدی نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کی کشمیر کاز کو نقصان پہنچانے کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے، آج تحریک انصاف کا بھارت نواز چہرہ بےنقاب ہوگیا ہے۔