بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی کو اپنے ریسٹورنٹ کی پارکنگ سے 80 لاکھ کی قیمتی گاڑی چوری ہونے پر مشکل کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شلپا شیٹی کا ریسٹورنٹ سرخیوں میں آگیا ہے کیونکہ وہاں کی پارکنگ سے 80 لاکھ روپے مالیت کی قیمتی گاڑی چوری ہوگئی ہے۔
اداکارہ نے 3 دہائیوں تک فلم بینوں کے دلوں پر راج کیا ہے، اب ان کی توجہ کاروبار پر ہے، ان کی آمدن کا ایک ذریعہ ریسٹورنٹ کی چین ہے۔
ممبئی میں واقع ان کا ریسٹورنٹ سپر اسٹارز کے بچوں اور شہر کے مشہور چہروں کےلیے ہاٹ اسپاٹ ہے، لیکن شلپا شیٹی اس وقت مشکل میں پھنس گئی جبکہ ان کی کار پارکنگ سے ایک لگژری کار چوری ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چوری ہونے والی بی ایم ڈبلیو گاڑی تاجر روحان خان کی ہے، جس کے چوری ہونے کی ایف آئی آر شیوا جی پارک پولیس اسٹیشن میں درج کرائی گئی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق روحان خان اپنے دوستوں کے ساتھ ریسٹورنٹ میں آئے، انہوں نے اپنی گاڑی کی چابیاں گارڈز کے حوالے کیں، جنہوں نے گاڑی پارکنگ میں کھڑی کردی لیکن چند ہی منٹ بعد 2 ملزمان گاڑی چوری کرکے لے گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریسٹورنٹ کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق 2 نامعلوم افراد کو پارکنگ کے بیسمنٹ میں دیکھا گیا ہے، جو جدید ہیکنگ طریقہ کار سے بی ایم ڈبلیو کا دروازہ کھولنے میں کامیاب ہوئے، ان میں ایک شخص اسے ڈرائیو کرکے لے گیا۔
تھوڑی دیر میں خبر سوشل میڈیا وائرل ہوئی، جس نے لوگوں کو حیرت زدہ کردیا، اس معاملے پر شلپا شیٹی نے تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔