• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجگور: ڈیم ورکرز پر حملہ، 5 افراد جاں بحق


بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے پروم میں مسلح افراد کی جانب سے ڈیم پر کام کرنے والے اہلکاروں پر حملہ کیا گیا، جس میں 5 اہلکار جاں بحق ہو گئے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق جاں بحق افراد کی میتیں ٹیچنگ اسپتال پنجگور منتقل کر دی گئی ہیں۔

ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کا کہنا ہے کہ پنجگور کے علاقے پروم میں ڈیم پر کام کرنے والے اہلکاروں پر حملہ کیا گیا۔

شاہد رند نے بتایا کہ ڈیم کی دیکھ بھال پر مامور مقامی افراد پر فائرنگ کی گئی، فائرنگ سے 5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامی افسران جائے وقوع پر موجود ہیں، واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

صدر زرداری کی مذمت

صدرِ مملکت آصف زرداری نے پنجگور میں مسلح افراد کی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گرد حملے میں قیمتی جانی نقصان پر اظہارِ افسوس کیا۔

آصف علی زرداری نے واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد ملکی ترقی اور صوبے کی خوش حالی کے دشمن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بلوچستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے۔

وزیرِ اعظم کی زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت

دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پنجگور کے علاقے پروم میں ڈیم پر کام کرنے والے اہلکاروں پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیرِ اعظم نے حملے میں جاں بحق 5 افراد کی بلندی درجات اور اہلخانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے زخمی دو افراد کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے حملے میں ملوث افراد کی نشاندہی کر کے سزا دلوانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈیم پر کام کرنے والے اہلکاروں پر حملہ کرنے والے پاکستان اور بلوچستان کی ترقی کے دشمن ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایسے شر پسند عناصر کی پاکستان میں کوئی جگہ نہیں۔

قومی خبریں سے مزید