آکسفورڈ یونیورسٹی پاکستان میں اساتذہ کو ٹریننگ دینے والے استادوں کو اعلیٰ تربیت دینے کیلئے معاونت کرے گی۔ آکسفورڈ یونیورسٹی اور ملالہ فنڈ نے اس حوالے سے معاہدے پر دستخط کر دیے۔
سماجی کارکن، گلوکار اور انسانی فلاح و بہبود کےلیے کام کرنے والے شہزاد رائے نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا پروگرام ہے اور معاہدے کے تحت غیر سرکاری تنظیم دور بین اساتذہ کو تربیت فراہم کرے گی۔
انکا مزید کہنا تھا کہ مجوزہ پروگرام پاکستان ٹیچرز ٹریننگ انسٹیٹیوشن میں بی ایڈ پروگرام کے تحت پڑھایا جائے گا۔ یہ منصوبہ روایتی نظام کو نئی جہت دے گا جس کا فائدہ آنے والی نسلوں کو بھی ہوگا۔
آکسفورڈ یونیورسٹی کے ڈاکٹر ایان تھامسن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا اس منصوبے سے اساتذہ کو پڑھانے والے ایجوکیٹرز کو بہت فائدہ ہوگا۔
سی ای او دوربین نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت سرکاری اسکولوں کی تربیت کیلئے بھی ٹیچرز ایجوکیٹرز تیار کیے جائیں گے۔