سابق چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کو برطانیہ کی قدیم ترین قانونی درسگاہ مڈل ٹیمپل کا بینچر بنانے کی تقریب کے موقع پر پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔
احتجاج کرنے والے شرکاء نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے جانبدارانہ تھے، ان کو مڈل ٹیمپل کا بینچر بنانا برطانوی اقدار کے منافی ہے۔
شرکاء نے کہا کہ مڈل ٹیمپل جیسے معتبر ادارے کو اپنے فیصلے پر نظرِ ثانی کرنی چاہیے۔
واضح رہے کہ قاضی فائز عیسیٰ نے قانون کی تعلیم مڈل ٹیمپل سے حاصل کی تھی، ان کے والد اور صاحبزادی بھی اسی ادارے سے فارغ التحصیل ہیں۔
مڈل ٹیمپل میں بینچرز بنائے جانے والے افراد ادارے کی گورنس کے ذمے دار ہوتے ہیں۔
مڈل ٹیمپل کے بینچرز دنیا بھر میں عدلیہ کے کلیدی عہدوں پر فائز ہیں۔
یاد رہے کہ حال ہی میں قاضی فائز عیسیٰ کو برطانیہ کی قدیم ترین قانونی درس گاہ مڈل ٹیمپل میں بطور بینچر شامل کیا گیا۔
وہ پہلے پاکستانی ہیں جنہیں مڈل ٹیمپل میں بطور بینچر منتخب کیا گیا ہے، اس سلسلے میں گزشتہ شب (29 اکتوبر کو) ان کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔