قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ جمہوری آوازوں کو دبانا نہ صرف بے نتیجہ بلکہ خطرناک ہے۔
ایک بیان میں عمر ایوب نے کہا کہ پاکستان بھر میں امن و امان کی صورتحال خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے، سرحدی علاقوں میں بدامنی کی صورتحال میں شدید بگاڑ پیدا ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدامنی سے لوگوں میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے، یہ انتہائی تشویشناک ہے، ریاست کی بنیادی ذمےداری ہے کہ وہ اپنے تمام شہریوں کا بلاامتیاز تحفظ کرے۔
اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ حکومت نے اداروں کو مقبول سیاسی جماعت کی قیادت اور کارکنان کےخلاف سیاسی انتقام پر لگا رکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اپوزیشن اراکین کو نشانہ بنانے کےلیے استعمال کیا جارہا ہے، جمہوری آوازوں کو دبانا نہ صرف بے نتیجہ بلکہ خطرناک بھی ہے۔
عمر ایوب نے یہ بھی کہا کہ حکومت اپنی ترجیحات تبدیل کرے، وسائل کو عوام کے تحفظ کےلیے مختص کرے، قانون نافذ کرنے والے ادارے شہریوں کی سلامتی اور حفاظت کی ذمہ داری پوری کریں۔