• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تابش ہاشمی کا ’جیو‘ پر جلد گیم شو شروع کرنے کا انکشاف


معروف میزبان و کامیڈین تابش ہاشمی نے اپنے نئے مشن کا اعلان کر دیا۔

انہوں نے آج ’جیو نیوز‘ کے مارنگ شو ’جیو پاکستان‘ میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے شائقین کو تحفہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے شائقین کو ہنسانے کے بعد اب انہیں جتوانے کا منصوبہ لا رہے ہیں۔

تابش ہاشمی نے بتایا کہ ’جیو‘ اپنے ناظرین کے لیے آئندہ ماہ (نومبر سے) ایک منفرد گیم شو لا رہا ہے جس میں ہر شہری حصہ لے سکے گا، اس کے ساتھ ہی ’جیو نیوز‘ کا مقبول کامیڈی پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ بھی اب سے ہفتے کے 4 دن نئے فارمیٹ کے ساتھ ناظرین کو ہنسنے پر مجبور کرے گا۔

’جیو پاکستان‘ میں بات کرتے ہوئے کامیڈین و میزبان نے گیم شو کے حوالے سے بتایا کہ امیدواروں کو گیم شو میں کھیل کر نہیں بلکہ مختلف سوالات کے جوابات دے کر انعامی رقم اپنے نام کرنی ہو گی۔

تابش ہاشمی نے ’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ کے پسِ پردہ رازوں سے بھی پردہ اُٹھایا اور بتایا کہ اکثر مہمان اس دباؤ میں آتے ہیں کہ ان سے کامیڈی نہیں ہوتی تو شو میں آ کر کیا کریں گے؟ جبکہ اکثر مہمان جگت مارنے کی ناکام کوشش بھی کرتے ہیں۔

میزبان نے بتایا کہ میری ٹیم نے مجھے بتایا ہے کہ بعض بڑے بڑے نام ایسے بھی ہیں جو میرے شو میں اس لیے نہیں آتے کیونکہ وہ مجھ سے ناراض ہیں اور مجھے پتہ ہی نہیں ہے، اتفاق کی بات ہے کہ میری زندگی میں کبھی ان سے سلام دعا بھی نہیں ہوئی، وہ صرف میرے شو میں ہونے والی باتوں یا سنی سنائی باتوں پر مجھ سے ناراض ہیں۔

تابش ہاشمی نے کامیڈی میں پیش آنے والی مشکلات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سیاست پر جگت مارنا مشکل ہے، اکثر کبھی کسی سے بات ہو رہی ہوتی ہے انہیں بُرا لگ جاتا ہے اور کبھی تو شاہ سے زیادہ شاہ کے وفاداروں کو بُرا لگ جاتا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید