آنجہانی اداکار رشی کپور نے اپنے بیٹے اور اداکار رنبیر کپور کی پہلی فلم ’سانوریا‘ کی ناکامی کی پیش گوئی کردی تھی جبکہ برفی سے قبل کہا ’آرٹ فلمیں کرنا بند کر‘۔
ذاتی زندگی میں رشی کپور کی صاف گو طبیعت اُن کی شخصیت کی پہچان رہی ہے، وہ اپنے بیٹے رنبیر کپور کے فلموں کے انتخاب پر تنقید کرنے سے بھی نہیں ہچکچاتے تھے۔
انہوں نے رنبیر کپور کی فلموں کی کامیابی سے متعلق پیش گوئیاں کیں اور اپنا دو ٹوک انداز برقرار رکھا، جس کا اعتراف 42 سالہ اداکار نے کیا۔
فلم فیسٹیول کی تقریب سے خطاب میں رنبیر کپور نے کہا کہ ’جب والد نے برفی کو ریلیز سے ایک دن پہلے دیکھا تو پھر فون پر کہا ’رنبیر، تم اداکاری اچھی کرلیتے ہو لیکن آرٹ فلمیں کرنا چھوڑ دو۔
اداکار نے راک اسٹار کی ریلیز سے قبل کا واقعہ بتایا کہ مجھے والد نے فون پر کہا کہ وہ لڑکی واپس آجاتی ہے یا پھر مر جاتی ہے؟ انہیں ہمیشہ مکمل فلم کا شوق تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے والد فطری انداز میں فلم پروجیکٹس کا اندازہ لگالیتے تھے، وہ بہت ہی سمجھ رکھتے تھے، آج بھی یاد ہے کہ وہ فلم سانوریا کی شوٹنگ دیکھنے آئے۔
رنبیر کپور نے کہا کہ انہوں نے فلم کے سیٹ پر مجھ سے باتیں شروع کردیں، پوچھا سیٹ پر اتنی کھڑکیاں کیوں ہیں؟ فریم میں زیادہ لوگ کیوں نہیں ہیں؟ رات کا منظر کیوں ہے صبح کیوں نہیں۔
ان کے کئی سوالات کے جواب میں، میں نے کہا کہ آپ پرانے تناظر کے حامل ہیں جبکہ اب حالات بدل چکے ہیں۔
اداکار نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ وہ اپنی کار میں بیٹھے تھے، میری والدہ سے کہا تھا کہ ’یہ فلم نہیں چلے گی، اُن کا ماننا تھا کہ سامعین کو وقت اور جگہ سے الگ نہیں کیا جاسکتا۔