• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پانچ کروڑ معاوضے والی بات غلط ہے، راجکمار راؤ

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

بالی ووڈ اداکار راجکمار راؤ نے ان اطلاعات پر کہ انہوں نے استری ٹو کی کامیابی کے بعد اپنا معاوضہ پانچ کروڑ کر دیا ہے، اپنی خاموشی ختم کرتے ہوئے کہا کہ وہ اتنے بیوقوف نہیں کہ اپنے پروڈیوسرز پر مالی بوجھ بڑھائیں۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو میں انکا کہنا تھا کہ پیسہ تو ایک بائی پراڈکٹ (ضمنی فائدہ) ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ 40 سالہ راجکمار اور شردھا کپور کی فلم بلاک بسٹر فلم استری ٹو اس سال اگست میں ریلیز ہوئی تھی جس نے بطور ہندی فلم بھارت میں کمائی کے تمام ریکارڈز توڑ دیے تھے اور 874 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا۔ 

بھارتی میڈیا سے گفتگو میں راجکمار راؤ کا کہنا تھا کہ ایک بڑی بلاک بسٹر فلم کا حصہ ہونے پر میں بطور اداکار تبدیل نہیں ہوا۔ پیسہ میرے جذبے اور جنون کا ایک ضمنی حصہ ہے لیکن میں چاہتا ہوں کہ اپنی ساری زندگی ایسے کردار کروں جو مجھے حیران کرے اور میں چیلنجز قبول کروں۔ 

دریں اثنا ایک اطلاع کے مطابق راجکمار نے اس فلم میں کام کے چھ کروڑ روپے وصول کیے جبکہ شردھا کپور کو پانچ کروڑ ملے تھے۔ 

اس سے قبل یوٹیوب چینل کے پر انٹرویو میں انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ میں بہت مالدار ہوں، تو ایمانداری کی بات یہ ہے کہ اتنا پیسہ میرے پاس ہے نہیں جتنا لوگوں کو لگتا ہے کہ ’یہ تو بھائی سو کروڑ والا ہے۔‘ 

انکا کہنا تھا کہ ’بھائی ای ایم آئی چل رہی ہے، مطلب گھر قسطوں پر لیا۔ اسکی اچھی خاصی رقم جاتی ہے۔ البتہ ایسا بھی نہیں کہ میرے پاس کچھ نہیں۔‘

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے راجکمار راؤ کا کہنا تھا کہ یہ نہیں کہ دل چاہا تو شو روم گئے اور اشارے سے پوچھا، ’یہ کتنے کی ہے‘ اور جواب ملا ’وہ والی، سر چھ کروڑ کی‘، تو ہم نے کہا ’دے دیں‘، ایسا نہیں ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید