• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلیا میں پاکستان 1 بھی ون ڈے جیت گیا تو بہت بڑی کامیابی ہو گی: وسیم اکرم

وسیم اکرم —فائل فوٹو
وسیم اکرم —فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں کنڈیشنز مشکل ہوتی ہیں، پاکستان کی یہاں سیریز آسان نہیں ہو گی، یہاں ایک بھی ون ڈے جیت جاتے ہیں تو یہ بہت بڑی کامیابی ہو گی جبکہ ٹی ٹونٹی سیریز اچھی ہو گی۔

وسیم اکرم نے میلبرن میں آن لائن پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارت سے اچھے اشارے مل رہے ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارتی بورڈ کو کئی آفرز کی ہیں، بھارت کو پاکستان آنا چاہیے۔

سابق کپتان نے کہا کہ ویرات کوہلی، ہاردک پانڈیا اور سوریا کمار یادیو کے پاکستان میں بہت مداح ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ دونوں ممالک کے لوگوں کا آپس میں رابطہ ہونا چاہیے، بھارت اس بارے میں سوچے۔

انہوں نے کہا کہ میں 6، 7 سال سے بھارت نہیں گیا، میں وہاں کے کھانے اور لوگوں کو مِس کرتا ہوں، بھارتی کھلاڑی پاکستان آئے تو انجوائے کریں گے۔

سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ فخر زمان امپیکٹ پلیئر ہیں، مجھے یقین ہے کہ سوشل میڈیا بیان فخر نے نہیں لکھا، جس نے بھی لکھا ہے اسے بتانا چاہیے تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کی وجہ سے آپ کو مسئلہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ فخر زمان کے لیے ایک سبق ہے، سوچ سمجھ کر سوشل میڈیا پر لکھنا چاہیے، پی سی بی کا اس معاملے پر اپ سیٹ ہونا بنتا تھا۔

وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ محسن نقوی کرکٹ کے لیے بہت اچھا کام کر رہے ہیں، مجھے جاب کی آفر ہوئی لیکن میں 9 سے 5 جاب کرنے والا بندہ نہیں ہوں۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ محمد رضوان کو کپتانی کا تجربہ ہے، وہ اچھی چوائس ہیں، وہ بس کھیل پر فوکس کریں۔

ہوم ایڈوانٹیج کے لیے پچز بنانے پر تنقید کرنے والوں کے حوالے سے وسیم اکرم نے کہا کہ ہمیں دشمنوں کی ضرورت نہیں، ہم خود ہی بہت ہیں، ہوم ایڈوانٹیج پر تنقید سمجھ سے باہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں 5، 6 سال سے کہہ رہا ہوں کہ ٹرننگ پچز بناؤ چاہے ہار جاؤ، شکر ہے کسی کو تو خیال آیا اور ہم نے مسلسل 3 ٹیسٹ میچز ہارنے کے بعد مسلسل 2 ٹیسٹ میچز جیتے۔

وسیم اکرم نے کہا کہ خوشی ہے کہ 2026ء کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ سمیت دیگر کرکٹرز کھیل پر فوکس کریں۔

انہون نے کہا کہ سوشل میڈیا کو چھوڑ دیں، کرکٹ کھیل کر گھر جائیں اور انجوائے کریں، بابر اعظم کو بھی کپتانی بھول جانی چاہیے، کرکٹ کھیلیں رنز اسکور کریں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید