پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ سینئر اداکار خواجہ سلیم گزشتہ 2 برس سے اسکرین سے کہاں اور کیوں غائب ہیں، وجہ سامنے آ گئی۔
حال ہی میں نجی میڈیا چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے سینئر اداکار خواجہ سلیم نے اپنی حالتِ زار مداحوں کو بتا دی اور ساتھ ہی حکومتِ پنجاب سے مدد کی بھی درخواست کر دی۔
42 سال تک فن کی خدمت کرنے والے فنکار گزشتہ کچھ عرصے سے ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہیں اور ایک پیر کی 2 انگلیاں کٹوانے کی وجہ سے انہیں چلنے پھرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شوگر بڑھ جانے کی وجہ سے ڈاکٹروں نے کچھ عرصے قبل ٹانگ کاٹنے کا کہا تھا لیکن اللّٰہ کا شکر ہے کہ ٹانگ کاٹنے کی نوبت نہیں آئی اور صرف 2 انگلیاں کاٹنی پڑیں۔
انہوں نے اپنا حال بتاتے ہوئے کہا کہ ہر عروج کو زوال ہے، ایک وہ وقت بھی تھا جب میرے پاس سب کچھ تھا اور آج علاج معالجے کی وجہ سے سب کچھ فروخت ہو چکا ہے لیکن مجھے کبھی کسی سے کوئی شکوہ نہیں رہا۔
سینئر اداکار نے بتایا کہ میرے علاج پر روزانہ کی بنیاد پر 8 ہزاروں روپے تک کا خرچہ آتا ہے، میرے بچوں نے مجھے اکیلا نہیں چھوڑا، انہوں نے بہت ساتھ دیا، حکومتِ پنجاب نے بھی میری مدد کی لیکن وہ ناکافی تھی۔
خواجہ سلیم نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے مجھے 2 لاکھ روپے دیے جس سے 15 سے 20 دن کی ادویات کے اخراجات نکل آئے، جس پر میں ان کا شکر ادا کرتا ہوں لیکن آج کی مہنگائی میں اتنے پیسوں سے کچھ نہیں ہوتا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے 80 فیصد شوبز شخصیات کو منافق قرار دیا اور کہا کہ بیمار پڑنے پر چند ایک کے سوا کسی نے میرا حال تک نہیں پوچھا۔
سینئر اداکار نے ساتھی فنکاروں سہیل احمد اور شگفتہ اعجاز کا نام لیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل وقت میں بہت ساتھ دیا جبکہ ان کے علاوہ اور بھی چند ساتھی فنکار ہیں جنہوں نے مدد کی ہے۔
خواجہ سلیم نے حکومت اور مخیر شوبز شخصیات سے مالی مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت بیٹیوں اور دامادوں کے رحم و کرم پر زندگی گزار رہے ہیں، انہوں نے اپنے علاج کے لیے گھر، گاڑی اور قیمتی اشیاء تک فروخت کر دی ہیں۔
واضح رہے کہ باصلاحیت سینئر اداکار خواجہ سلیم نے 1972ء میں بطور چائلڈ آرٹسٹ پی ٹی وی لاہور سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
انہوں نے درجنوں ڈراموں، فلموں اور تھیٹر ڈراموں میں کام کیا۔
خواجہ سلیم نے پڑوسی ملک بھارت میں بھی تھیٹرز میں کام کیا جبکہ انہیں منفرد کامیڈی کی وجہ سے شہرت حاصل رہی۔