اجے دیوگن کی ’سنگھم اگین‘ اور کارتک آریان کی ’بھول بھلیاں 3‘ کو سعودی عرب میں ریلیز کی اجازت نہ مل سکی، مملکت میں دونوں فلموں کی ریلیز پر پابندی لگادی گئی۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دونوں فلمیں ہندو مذہبی تہوار دیوالی پر دنیا بھر میں ریلیز کی جانے والی ہیں، تاہم سعودی عرب میں ان فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کردی گئی۔
سعودی سینسر بورڈ نے مذہبی حساسیت اور جنسی مواد کے باعث فلموں پر اعتراض کیا ہے۔
سعودی عرب میں فلم سینسر بورڈ کافی سخت قوانین رکھتا ہے اور ایسے مواد پر پابندی عائد کرتا ہے جو مقامی روایات یا مذہبی حساسیت کے خلاف ہو، بعض اوقات فلموں کو مقامی قوانین کے مطابق تبدیل کرکے دکھایا جاتا تاہم زیادہ تر فلموں پر مکمل طور پر پابندی لگا دی جاتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ’سنگھم اگین‘ میں مذہبی تنازع کے مناظر کی وجہ مملکت میں اس پر پابندی لگائی گئی ہے، جبکہ ’بھول بھلیاں 3‘ میں ہم جنسیت سے متعلق مناظر پر اعتراض اٹھایا گیا ہے۔