وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پاک امریکا پارٹنر شپ خطے کی ترقی اور امن و امان کے لیے اہمیت کی حامل ہے۔
مریم نواز سے یو ایس ایڈ مشن ڈائریکٹر نے ملاقات کی جس میں امریکی قونصل جنرل اور یو ایس ایڈ پنجاب چیپٹر کی نمائندہ بھی موجود تھیں۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک امریکا تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
دورانِ ملاقات تجارت، موسمیاتی تبدیلی، قابلِ تجدید توانائی، ویمن اکنامک ایمپاورمنٹ، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
مریم نواز نے کہا کہ گرین انرجی اور جدید ٹیکنالوجی پر امریکا کے تجربے سے مستفید ہونا چاہتے ہیں، اسکلڈ ہیومن ریسورس کے لیے جدید طرز پر انٹرن شپس کرائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات کو مزید تقویت بخشنے کے لیے کوشاں ہیں، پاکستان نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان ماضی کے مقابلے میں زیادہ محفوظ اور پُرامن ہے، مسلم لیگ ن کی حکومت نے گڈ گورننس اور شفافیت کے نئے معیار قائم کیے ہیں۔