انگلش ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس کے گھر میں چوری کےالزام میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق شمالی یارکشائر سے 32 سالہ شخص کو چوری کے شبے میں گرفتارکیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزم کو ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے تاہم معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ بین اسٹوکس کے گھر چوری ان کی ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان میں موجودگی کے دوران ہوئی۔
چوری بین اسٹوکس کے ڈرہم کاؤنٹی میں واقع گھر میں ہوئی، بین اسٹوکس نے چوری کی واردات کے بعد اپیل سوشل میڈیا پوسٹ پر کی۔
اپنے پیغام میں بین اسٹوکس کا کہنا تھا کہ 17 اکتوبر کی شام چند ماسک پہنے لوگوں نے میرے گھر چوری کی، وہ جیولری قیمتی اشیاء اور ذاتی استعمال کی اچھی خاصی چیزیں ساتھ لے گئے۔
بین اسٹوکس کے مطابق کچھ اشیاء کے ساتھ میرا اور میری فیملی کا جذباتی لگاؤ تھا، میری یہ اپیل ان افراد کو تلاش کرنے میں مدد کے لیے ہے۔
انکا کہنا تھا کہ یہ جرم اس وقت کیا گیا جب میری اہلیہ دو چھوٹے بچوں کے ساتھ گھر پر تھیں، شکر ہے کہ اہل خانہ کو کسی طرح کا جسمانی نقصان نہیں پہنچا، تاہم اس واردات کی وجہ سے ان پر ذہنی طور پر اثر پڑا ہے۔