پاکستان وائٹ بال ٹیم کے نائب کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں وقت ہے، ہماری توجہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز پر ہے۔
میلبرن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیم کا ہر رکن آسٹریلیا سے سیریز کے لیے پُرجوش اور یہاں اچھا کرنے کا خواہشمند ہے، آسٹریلیا کی کنڈیشنز اور ٹیم کو دیکھ کر پلان بنایا ہے، کوشش ہو گی اس پر پورا عمل کریں۔
سلمان آغا نے کہا کہ ابھی 2 دن ہوئے ہیں، پلیئنگ الیون پر بات نہیں ہوئی، جیسن گلیسپی کو یہاں کی کنڈیشنز معلوم ہیں جس سے ہم مستفید ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک سال بعد ون ڈے کرکٹ کھیل رہے ہیں، ہم بس یہ دیکھ رہے ہیں کہ کٹ کا رنگ بدلا ہے، بیٹ اور بال وہی ہے، سِمپل رہتے ہوئے اپنا بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔
نائب کپتان نے کہا کہ پاکستان کا پیس اٹیک بہت زبردست ہے، ہمارے فاسٹ بولرز میں 140 کی رفتار سے بولنگ کی صلاحیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بابر، شاہین اور نسیم کو ڈراپ نہیں آرام دیا گیا تھا جس کی ضرورت تھی، مسلسل کرکٹ کے بعد ان کے لیے آرام ضروری تھا، اب یہ کافی فریش محسوس کر رہے ہیں۔
سلمان آغا نے کہا کہ امید ہے کہ یہ تینوں آسٹریلیا سے سیریز میں اچھا پرفارم کریں گے، بابر اعظم کو گیم میں انوالوو رہنے کی عادت ہے، وہ کپتان نہ ہو کر بھی رائے دیتے ہیں۔