وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) تاریخ کا اعلان کریں گے تو پورا ملک نکلے گا۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں علی امین گنڈاپور نے خبردار کیا کہ یہ آخری کال ہوگی، سر پر کفن باندھ کر نکلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کا کوئی ایجنڈا نہیں تھا، وزیر کی حلف برداری کی تقریب میں غیر رسمی ملاقات ہوئی۔
وزیراعلیٰ علی امین نے مزید کہا کہ 9 نومبر کو صوابی جلسے میں قرارداد پیش کریں گے، بانی چیئرمین احتجاج کی تاریخ کا اعلان کریں گے تو پورا ملک نکلے گا۔
انہوں نے بے نامی اثاثوں کی نشاندہی کرنے والوں کو 40 فیصد رقم دینے کا اعلان کردیا اور کہا کہ اس اسکیم سے پٹواری زیادہ فائدہ اٹھائیں گے کیونکہ انہیں بے نامی زمینوں کا زیادہ پتہ ہوتا ہے۔