پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے الزام عائد کیا ہے کہ اہل خانہ کو گن پوائنٹ پر رکھ کر خواجہ شیراز کو نامعلوم افراد اور پولیس اہلکار ساتھ لے گئے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ خواجہ شیراز کے گھر پولیس آئی، ان کی فیملی کو گن پوائنٹ پر رکھا گیا۔
انکا کہنا تھا کہ خواجہ شیراز کو صرف جوتے پہننے کی اجازت دی گئی، فیملی کے مطابق صرف نامعلوم افراد نہیں تھے بلکہ پولیس بھی موجود تھی۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ قومی اسمبلی سے جب ہمیں اٹھایا گیا تو اس کی ہمیں ویڈیو نہیں دی گئی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم سب ایم این ایز اغوا ہوئے تھے، اسپیکر ایاز صادق کو سخت ایکشن لینا چاہیے تھا، صرف معذرت نہیں کرنی چاہیے تھی، بلکہ سیٹ چھوڑ دینی چاہیے تھی۔