کراچی میں شادی ہال پر چھاپہ مارنے والے ایف بی آر کی ٹیم کو شادی ہال کے عملے نے یرغمال بنالیا، ایف بی آر کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچے اور بات چیت کے بعد اپنی ٹیم کو چھڑالیا۔
اسسٹنٹ کمشنر ایف بی آر محمد حمزہ کے مطابق کراچی کے علاقے ڈالمیا روڈ پر قائم شادی ہال اپنی آمدنی کچھ کم دکھارہا تھا جس کی بنیاد پر وہاں چھاپہ مارا گیا۔
جب ایف بی آر کی ٹیم وہاں پہنچی تو شادی ہال کے عملے نے انھیں یرغمال بنالیا۔
محمد حمزہ کا کہنا تھا کہ اطلاع ملتے ہی وہ بھی فوری طور پر وہاں پہنچے اور شادی ہال کے عملے سے بات چیت کی جس کے بعد ابتدائی طور پر کچھ افراد کو چھوڑ دیا گیا۔
واقعے سے متعلق پولیس حکام کو بھی آگاہ کیا گیا لیکن شادی ہال کا عملہ پولیس کو بھی کسی خاطر میں نہیں لارہا تھا۔
اسسٹنٹ کمشنر محمد حمزہ کے مطابق بالآخر کئی گھنٹے کی بات چیت کے بعد تمام افسران و ملازمین کو شادی ہال سے چھڑالیا گیا۔
شادی ہال سے باہر نکلنے کے بعد جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ ڈپارٹمنٹل مس انڈر اسٹینڈنگ ہوگئی تھی اور صبح شادی ہال کے عملے کو ایف بی آر کے دفتر طلب کرلیا گیا ہے۔