مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ سے ہم نے کوئی اُمید نہیں لگائی۔
ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو پتہ ہے کہ بانئ پی ٹی آئی کی گرفتاری انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کے پی ہاؤس اسلام آباد میں توڑ پھوڑ پر آئی جی اسلام آباد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، کے پی ہاؤس ہمارا ہے، اس سے متعلق ایف آئی آر ہم درج کرائیں گے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ اساتذہ کے مطالبات کو پورا کیا جائے گا، احتجاج کا حق ہے لیکن تعلیی ادارے بند نہ کیے جائیں، ہم نے اساتذہ سے درخواست کی ہے کہ وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور سے ملاقات کریں۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنے کے لیے وسائل کی ضرورت ہے، وفاقی حکومت کی ذمے داری ہے کہ افغانستان کے ساتھ بات چیت کرے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں آج اجلاس ہو رہا ہے جس میں کرم کا مسئلہ اٹھایا جائے گا، یہ اچھی بات ہے کہ وزیرِ اعلیٰ اور گورنر فیصل کریم کنڈی کی ناراضی ختم ہو گئی۔